اے کے خان نے کہا کہ حج 2022 کے نئے قواعد صرف بھارت کےلیے نہیں ہے بلکہ تمام ملکوں کے حاجیو ں کے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو خواتین پینسٹھ سال سے کم عمر کی ہیں اور حج پر جانا چاہتی ہیں، ان کے محرم کی عمر بھی 65 سال سے کم ہونی چاہیے۔ حج کمیٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس مرتبہ بغیر محرم حج کے زمرہ کو ختم کردیا گیا ہے۔ اے کے خان نے کہاکہ کورونا وائرس کے کیسس میں کمی آئی ہے لیکن اس کے باوجود تمام تراحتیاطی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ درخواستوں کے مسترد کئے جانے سے محروم افراد بھی ازسر نو درخواست دے سکتے ہیں۔ سعودی حج ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ ویکسین کی دو ڈوز لینا ضروری ہے جبکہ کوویکسن اور کووی شیلڈ کو سعودی عرب نے منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حج کو روانگی سے تین دن پہلے آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیا جائے گا جوکہ لازمی ہوگا اور رپورٹ نگیٹیو آنے پر ہی سفر مقدس کی اجازت دی جائے گی۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے اس سلسلہ میں عازمین کی رہنمائی کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا کہ نئی گائیڈ لائن کے جاری ہونے کے بعد بہت ساری درخواستیں خارج بھی ہوسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ اگر کوئی شخص اپنی درخواست واپس لینے کا خواہاں ہوں تو وہ درخواست واپس لے سکتا ہے۔ درخواست داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے اب آخری تاریخ 22 اپریل مقرر کی گئی ہے۔
اے کے خان نے کہا کہ امکان ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے بھارت کے کوٹہ میں مزید کمی کی جاسکتی ہے۔ اس لیے تلنگانہ کوٹہ میں بھی کمی آسکی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ماہ جون میں بھارت کےلیے کوٹہ بھی مختص کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج سے متعلق تمام تفصیلات ویب سائیٹ پر جاری کی گئی ہیں جب کہ مزید تفصیلات کے لیے ہیلپ نمبر 23298793 پر رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔