تلنگانہ ہائی کورٹ نے رائل سیما لفٹ اریگیشن پرجیکٹ کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی۔تلنگانہ کانگریس رہنما ومشی چند ریڈی اور سماجی جہد کار سرینواس کی جانب سے داخل کردہ عرضی کی سماعت منگل کو ہائی کورٹ نے کی۔ عرضی گزار نے عدالت سے خواہش کی کہ اس پروجیکٹ کوروکنے کیلئے اے پی حکومت کو ہدایت دی جائے۔
ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ چونکہ یہ معاملہ سپریم کورٹ اور نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی)میں زیرالتوا ہے اسی لئے وہ مداخلت نہیں کرے گی، اس مرحلہ پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل رامچندر راو نے بنچ سے کہا کہ اس معاملہ کی سماعت ہائی کورٹ کے حدود میں آتی ہے۔اس پر چیف جسٹس آرایس چوہان کی زیرقیادت بنچ نے سوال کیا کہ آندھراپردیش حکومت کو تلنگانہ ہائی کورٹ کس طرح ہدایت دے سکتا ہے؟اس پر عرضی گذار کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ این جی ٹی نے اے پی حکومت کو ڈی پی آرداخل کرنے اور بعد ازاں ٹنڈر کا مرحلہ مکمل کرنے کی اجازت دی ہے۔اس پر بنچ نے کہا کہ اگر این جی ٹی کے فیصلہ پر اعتراض ہے تو وہ سپریم کورٹ سے کیوں رجوع نہیں ہوئے؟اس پر اے پی کے ایڈوکیٹ جنرل سری رام نے عدالت سے کہا کہ عرضی گذار کی جانب سے جو نکات اٹھائے گئے وہ تمام سپریم کورٹ میں اٹھائے گئے ہیں۔