حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 3 افراد ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ بدھ کی صبح ضلع کے بھیمگل علاقہ میں اُس وقت پیش آیا جب ایک ارتھ موور، کار سے ٹکرا گیا۔ مہلوکین کی شناخت ضلع کے مورتاڑ علاقہ کے رہنے والوں کے طور پر کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ارتھ موور کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھو دیا اور یہ ارتھ موور، کار سے ٹکرا گیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔حادثہ کا مقام دلخراش منظر پیش کر رہا تھا۔ اس واقعہ کی اطلاع مقامی افراد نے پولیس کو دی جس کے بعد پولیس وہاں پہنچی۔ پولیس نے کار میں پھنسے افراد اور لاشوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔
وہیں شہر حیدرآباد کے علاقہ راجندرنگر میں کار، لاری سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ مہلوک کی شناخت کرناٹک کے آرسدو کے طور پر کی گئی ہے جو بذریعہ کار، آوٹررنگ روڈ شمس آباد جارہا تھا کہ اس نے کار کا توازن کھودیا جس کے نتیجہ میں کار، لاری سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں شدید زخمی شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔راجندرنگر پولیس نے کہاکہ وہ کار کو تیز رفتاری کے ساتھ چلارہا تھا جس کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے عثمانیہ اسپتال کے مردہ خانہ میں محفوظ کر دیا گیا۔