حیدرآباد کے ٹینک بنڈ پر سنڈے فنڈے پروگرام کی کامیابی کے بعد ہر اتوار کو تاریخی چارمینار کے دامن میں بھی اسی طرح کے پروگرام کی تجویز کے سلسلہ میں حیدرآباد کے رکن پارلیمان اسد الدین اویسی نے جمعرات کےروز مناسب تیاریوں کے لئے چارمینار کے اطراف کے علاقوں کا معائنہ کیا۔
ان کے ساتھ ملک پیٹ کے مجلسی رکن اسمبلی احمد بلعلہ، کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار، سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق و شہری ترقی اروند کماراور دوسرے موجود تھے۔
اس دورہ کے بعد اروند کمار نے سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ٹوئیٹر کے ذریعہ اس بات کی اطلاع دی۔
انہوں نے تحریر کیا ”ایک شام چارمینار کے نام“۔ کمار نے کہا کہ آنے والے اتوار کو اس پروگرام کے سلسلہ میں ٹریفک سے پاک انتظامات اور راہگیروں دوست پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے چارمینار کا آج دورہ کیاگیا۔ہماری کوشش یہ ہے کہ تمام کے لئے خوشگوار تجربہ بنایاجائے۔
واضح رہے کہ شہرحیدرآبادکے ٹینک بنڈ علاقہ میں ”سنڈے فن ڈے“پروگرام ہر اتوارکومنعقد کیاجاتا ہے۔12ستمبرکو اس سنڈے فن ڈے پروگرام کی شروعات کی گئی تھی۔اسی طرز کا پروگرام اب تاریخی چارمینار کے دامن میں بھی منعقد کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دسہرہ تہوار، حیدرآباد سے عوام کی بڑی تعداد آبائی مقامات کیلئے روانہ
وزیر بلدی نظم ونسق تارک راما راو کی خواہش پر گزشتہ چند دنوں سے ٹینک بنڈ پر ہر اتوار کو محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے تفریحی پروگرام سنڈے فنڈے منعقد کیا جا رہا ہے۔
اس پروگرام میں ہزاروں افراد بشمول سیاح شرکت کرتے ہوئے کافی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔اس پروگرام کو کامیاب ہوتے دیکھ کر صدر مجلس و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے محکمہ بلدی نظم ونسق کے پرنسپال سکریٹری اروند کمار سے خواہش کی تھی کہ وہ چارمینار کے پاس بھی سنڈے فنڈے پروگرام کے انعقاد کا جائزہ لیں جس پر آج اروند کمار نے صدر مجلس بیرسٹر اویسی، سٹی کمشنر پولیس انجنی کمار، جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیشن کمار اور دیگر کے ساتھ چارمینار کا دورہ کرتے ہوئے پروگرام کے انعقاد کا جائزہ لیا۔
(یو این آئی)