چیوڑلہ کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے آج صدر پردیش کانگریس کمیٹی کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد درگاہ یوسفینؒ پر حاضری دی اور چادر چڑھائی۔ اس موقع پر سابق وزیر محمد علی شبیر، میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدر سمیر ولی اللہ، کانگریس ترجمان محمد نظام الدین، فیروز خان، عامر جاوید و دیگر اقلیتی رہنما موجود تھے۔
درگاہ یوسفینؒ پر حاضری دینے کے بعد ریونت ریڈی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے تقرری پر صدر کانگریس سونیا گاندھی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔
ریونت ریڈی نے کے سی آر پر سکریٹریٹ میں مساجد کی شہادت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے کےلیے سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن 7 سال گذرنے کے باوجود ابھی تک 12 فیصد ریزرویشن پر عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے اقلیتوں کی فلاح کےلیے 4 فیصد ریزرویشن دیا تھا۔