حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر 56 سالہ اے ریونت ریڈی آج یہاں ایل بی اسٹیڈیم میں دوپہر 1.04 بجے ریاست کے وزیراعلی کے عہدے کا حلف لیں گے۔ ریونٹ ریڈی چندر شیکھر راؤ کی قیادت والی بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس)کے 2014 سے اقتدار میں رہنے کے بعد تلنگانہ کے دوسرے وزیر اعلیٰ ہوں گے ۔گورنر ڈاکٹر تملسائی سوندرراجن انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلائیں گی۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیف منسٹر کے علاوہ کانگریس کے مزید 10 اراکین اسمبلی بھی ریونت ریڈی کے ساتھ وزراء کے طور پر حلف لے سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق لیجسلیچر پارٹی لیڈر بھٹی وکرمارک کو ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ مل سکتا ہے اور دیگر سینئر قائدین اتم کمار ریڈی، سریدھر بابو، کوماتیریڈی وینکٹ ریڈی اور ڈی انسویا (سیتھاکا) کو کابینہ میں جگہ دی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور کابینی وزراء کے عہدوں پر حتمی فیصلہ ریڈی کے بدھ کی رات قومی دارالحکومت سے شہر پہنچنے کے بعد کیے جانے کا امکان تھا تاہم اس ضمن میں کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا جبکہ ریونت ریڈی گذشتہ روز شام ہی دہلی سے حیدرآباد پہنچ چکے ہیں۔
ریونت ریڈی پارٹی ہائی کمان کے تلنگانہ کے اگلے چیف منسٹر کے طور پر ان کے نام کا اعلان کرنے کے بعد منگل کی شام ایک خصوصی پرواز سے قومی دارالحکومت پہنچے اور کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے اور پارٹی لیڈر راہل گاندھی سے ملاقات کی۔ ریونت ریڈی نے اپنے انتخاب پر کانگریس کے ریاستی انچارج مانیک راؤ ٹھاکرے اور کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کا بھی شکریہ ادا کیا۔