اُتم کمار ریڈی پانچ سال تک صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ کافی پہلے استعفیٰ پیش کر چکے تھے۔ تاہم پارٹی ہائی کمان نے تلنگانہ پردیش کانگریس کی نئی عاملہ تشکیل پانے تک انہیں صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا مشورہ دیا تھا۔ ریونت ریڈی کو صدر کی حیثیت سے نامزد کرتے ہی پارٹی کے حلقوں میں کافی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ چند رہنما دبے الفاظ میں اس کی مخالفت بھی کررہے ہیں۔
سونیا گاندھی کی جانب سے ریونت ریڈی کو صدر بنانے کا فیصلہ کرنے کے بعد آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے احکامات جاری کر دئے ہیں۔ ساتھ ہی 5 رہنما سابق کرکٹر محمد اظہر الدین، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، ایم انجن کمار یادو، کانگریس کے رکن اسمبلی ٹی جگا ریڈی اور بی مہیش کمار گوڑ کو ورکنگ پریسیڈنٹس کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ہے۔
محمد اظہر الدین کو دوسری مرتبہ ورکنگ پریسیڈنٹ نامزد کیا گیا ہے۔ سینئر نائب صدور کی حیثیت سے ایس چندر شیکھر، دامودھر ریڈی، ڈاکٹر ملو روی، پی ویریا، سریش شٹکار، وی نریندر ریڈی، رمیش مدیراج، جی نرنجن، ٹی کمار راؤ اور عامر جاوید کا انتخاب کیا گیا ہے۔ سابق رکن پارلیمان مدھو یاشکی کو کانگریس تشہیری کمیٹی کا صدر نشین نامزد کیا گیا ہے جبکہ سید عظمت اللہ حسینی کنوینر کے فرائض انجام دیں گے۔