حیدرآباد:تلنگانہ کانگریس کے سربراہ و رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے وعدہ کیا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے برسراقتدار آنے پر 500 روپے میں گھریلو پکوان گیس سلنڈر فراہم کیاجائے گا۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے دور حکومت میں اشیا کی قیمتیں دوگنی ہو گئی ہیں، جو کہتے ہیں کہ یہ ڈبل انجن والی حکومت ہے۔ ریونت ریڈی نے دعوی کیا کہ ریاست کی عوام اب وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی باتوں پر یقین کرنے کے موقف میں نہیں ہیں۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ چندرشیکھررراؤ نے کہا تھا کہ وہ ایک دلت کو وزیراعلیٰ بنائیں گے۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا چندرشیکھرراؤ پارٹی صدر کا عہدہ کسی دلت کو دے سکتے ہیں؟ ریونت ریڈی منوگوڑو اسمبلی حلقہ میں ہاتھ جوڑویاترا میں مصروف ہیں۔اس یاترا کے حصہ کے طورپر انہوں نے مختلف مقامات پر عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔انہوں نے اس موقع پر عوام سے وعدہ کیاکہ ریاست میں کانگریس کے برسراقتدارآنے کے بعد ان کے مسائل کے حل کو یقینی بنایاجائے گا۔
ریونت ریڈی نے چند روز قبل دعوی کیا کہ جاریہ سال ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کانگریس کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے ضلع کھمم کے اندل وائی میں اپنی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے موقعے پر واضح کیا کہ ریاست میں کانگریس کے برسر اقتدار آنے کے بعد براہ راست کسانوں سے ہر فصل کی خریداری کرتے ہوئے بچولیوں کا سسٹم ختم کیا جائے گا۔