نئی دہلی:قومی دار الحکومت دہلی میں دو روزہ ایم آئی سی ای 2023 (Meetings, incentives, conferences and exhibitions tourism) ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں راموجی فلم سٹی کے اسٹال نے بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا، یہ تقریب جمعہ کو دوسرے ممالک کے ساتھ ہندوستان اور روس کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ ایونٹ میں سیاح حیدرآباد میں واقع دنیا کے سب سے بڑے فلم سٹی اور اس میں سال بھر منعقد ہونے والی تقریبات کے بارے میں دریافت کرنے کے لیے اسٹال پر جمع ہوئے۔
دہلی کے کرکرڈوما میں منعقد ہونے والے دو روزہ MICE 2023 ایونٹ کا افتتاح ماسکو سٹی ٹورازم کمیٹی کے چیئرمین ایوگینی کوزلوف نے کیا۔ تقریب میں راموجی فلم سٹی کے نمائندوں نے راموجی فلم سٹی کے بارے میں بتایا جو کہ حیدرآباد میں سیاحوں کے لیے ایک مشہور مقام ہے۔ انہوں نے سیاحوں کو فلموں کی شوٹنگ، شادیوں، کارپوریٹ میٹنگز اور دیگر تقریبات کے علاوہ آر ایف سی میں ہونے والے واقعات کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔
آر ایف سی کے سینیئر جنرل منیجر (مارکیٹنگ) ٹی آر ایل راؤ نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "راموجی فلم سٹی کی جانب سے سیاحوں کو لطف اندوز ہونے کے لیے مختلف قسم کی تقریبات پیش کی جاتی ہے۔ ہر سال فلم سٹی میں تقریباً سو سے زائد شادیاں منعقد کی جاتی ہیں۔" راؤ کا مزید کہنا تھا کہ " فلم سٹی میں کئی فلموں کی شوٹنگ ہوئی ہے۔ فلم سٹی میں اب تک 3500 سے زیادہ فلمیں بن چکی ہیں۔ اوسطاً یہاں 350 سے 400 کانفرنسیں ہوتی ہیں"۔