حیدرآباد: تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں واقع معروف راموجی فلم سٹی میں ان دنوں کئی بڑی فلموں کی شوٹنگس کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک طرف تلگو ہٹ فلم پشپا کے ریمیک 'پشپا 2' کی بڑے پیمانہ پر شوٹنگ کی جارہی ہے جس میں اللو ارجن اور رشمیکا مندنا اہم کردار ادا کررہے ہیں وہیں دوسری جانب پربھاس کی فلم 'سالار' کی شوٹنگ جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فلم پشپا 2:دی رول کےلئے ٹیم ایک گانے کی شوٹنگ میں مصروف ہے جس کا پس منظر میلا ہے۔ تقریباً ایک ہزار ڈانسر اس گانے کا حصہ ہیں جس کا بڑے پردہ پر بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ 'پشپا 2' کے گانوں کی کوریوگرافی معروف کوریوگرافر گنیش اچاریہ کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ فلم پشپا2 کے فائٹ سین اور دیگر اہم مناظر کو بھی راموجی فلم سٹی میں ایک ماہ کے دوران شوٹ کیا جائے گا۔ فلم پشپا 2 کی ہدایت کاری سوکمار کررہے ہیں اور یہ 2021 کی کامیاب فلم پشپا کا سیکوئل ہے۔ نوین ایرنی اور وائی روی شنکر مشترکہ طور پر میتھری مووی میکرز کے بینر کے تحت فلم کو پروڈیوس کررہے ہیں۔ فلم کی موسیقی دیوی سری پرساد نے ترتیب دی ہے۔