حیدرآباد: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے حیدرآباد میں ڈیلیوری بوائز اور سینیٹری ورکرس کے ساتھ ساتھ آٹو ڈرائیورس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے راہل گاندھی کو اپنے مسائل سے واقف کروایا جنہوں نے ان کے مسائل کی بغور سماعت کی ان ورکرس نے راہل گاندھی کو بتایا کہ انہیں ای ایس آئی، پی ایف جیسی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں تلنگانہ میں زیادہ ہیں۔ وہ جو کچھ کمارہے ہیں، اس کا زیادہ ترحصہ پٹرول کی خریداری میں جارہا ہے۔ سینٹری ورکرس نے راہل گاندھی کو بتایا کہ حکومت ان کو ڈبل بیڈروم مکان اور پنشن نہیں دے رہی ہے۔ اس موقع پر کانگریس لیڈر نے انہیں بتایا کہ راجستھان میں ایسے ورکرس کے تحفظ کیلئے ایک اسکیم نافذ کی جا رہی ہے۔ اس دوران جوبلی ہلز حلقہ سے کانگریس کے امیدوار اظہر الدین نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے اظہرالدین کے ساتھ ایک آٹو میں حیدرآباد کی سڑکوں پر سفر کیا۔
ڈیلیوری بوائز نے کہا کہ ان کا کام کئی کلومیٹر تک جاکر اشیا کو پہنچانا ہوتا ہے۔ان کے پاس کوئی دوسراکام نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ یومیہ اجرت پر کام کررہے ہیں۔ان کی اجرت بھی وقت پر نہیں ملتی۔13تا14گھنٹے کام کرنے کے باوجود ان کو ہزار روپئے بھی نہیں ملتے۔ اس میں سے 200تا300روپئے پٹرول کیلئے خرچ کرنے کیلئے وہ مجبور ہیں۔ان کو مسلسل آرڈرس بھی نہیں ملتے۔ان کے خاندان کی کفالت بھی ان کے ذمہ ہے۔ڈیلیوری بوائز نے کہا کہ وہ سب کو کھانا کھلانے کے بعد وہ شام میں 4تا5بجے سڑک پر بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں۔12بجے دن تا3بجے سہ پہر وہ گاہکوں کی اشیا ان تک پہنچانے کا کام کرتے ہیں۔رات کے آرڈرس کیلئے وہ سڑک پر ہی سوجاتے ہیں۔ انہیں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرناپڑتا ہے۔