حیدرآباد: وزیر اعظم مودی آج تلنگانہ کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ وزیراعظم مودی حیدرآباد کے ایل بی اسٹیڈیم میں بی جے پی کے جلسہ میں آج شرکت کریں گے جس کو بی سی گرجنا کا نام دیاگیا ہے۔ وہ شام 5.30 بجے دہلی سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ بیگم پیٹ ایرپورٹ پر پہنچیں گے اور وہاں سے براہ راست ایل بی اسٹیڈیم میں جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ جلسہ کے بعد وزیر اعظم دہلی واپس ہو جائیں گے۔ ایل بی اسٹیڈیم میں اس جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے پارٹی کی ریاستی قیادت نے انتظامات میں تیزی پیدا کردی ہے۔
اس جلسہ میں پارٹی کو توقع ہے کہ تقریبا ایک لاکھ افراد شرکت کریں گے۔حال ہی میں مرکزی وزیر امت شاہ نے سوریا پیٹ میں ہوئے جلسہ میں اعلان کیا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار بی سی ہوگا۔ اس اعلان کے ذریعہ بی جے پی، بی سی ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے جن کی اکثریت تلنگانہ میں ہے۔ بی جے پی کے لیڈران یہ مہم چلارہے ہیں کہ تمام جماعتوں نے ٹکٹوں کی تقسیم میں اس طبقہ سے ناانصافی کی ہے اور بی جے پی ہی اس طبقہ کے زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹکٹس دے رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس جلسہ میں بی سی اعلامیہ کا اعلان کیا جائے گا۔