ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے سلسلےمیں سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کردیا گیا ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد لوکیش کمار کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی حدود میں موجود تمام 150 ڈویژنس کے لئے علحدہ علحدہ رٹرننگ آفیسرس اور اسسٹنٹ رٹرننگ آفیسرس کے تقررات کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔
حیدرآباد میں سیلاب کے بعد کہا جا رہا تھا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بلدی انتخابات کو ملتوی کرنے کے اقدامات ممکن ہیں لیکن ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ احکام کے بعد ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ریاستی حکومت مقررہ وقت پر انتخابات کے لئے تیار ہے۔
چیف الیکشن کمشنر تلنگانہ پارتھا سارتھی نے گزشتہ ماہ کے دوران کہا تھا ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام بلدیات کے انتخابات ان کے معینہ وقت پر ہی منعقد کئے جائیں گے۔ریاست تلنگانہ میں سیلاب کی صورتحال کے بعد کی جانے والی پیش قیاس آرائیوں کو ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ریاستی الیکشن کمیشن اپنے طور پر مکمل تیار ہے۔ اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔