تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے کہا کہ ریاست کے عوام میں بھروسہ اور خود اعتمادی پیدا کرنے کے لیے پرجا سنگرامایاترا کی شروعات کی گئی ہے۔
سنجے جنہوں نے اس یاترا کا ہفتے کےروز آغاز کیا، نشاندہی کی کہ یہ یاترا ریاست میں سیاسی تبدیلی کا ذریعہ بنے گی۔اس پدیاترا کے آغاز سے پہلے انہوں نے چارمینار کی مندرمیں پوجا کی۔بعد ازاں چارمینار کے قریب منعقدہ جلسہ عام سے انہوں نے خطاب کیا۔
بنڈی سنجے نے اپنے خطاب میں کہا کہ تقریبا 1400افراد نے تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دلانے کے لئے چلائی گئی تحریک کے دوران اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔ شہداء کی خواہشات کے برعکس، ریاست پر ایک ہی خاندان کی حکومت ہے۔
وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے دور حکمرانی میں ایک بھی طبقہ خوش نہیں ہے۔وزیراعلی نے کہاتھا کہ کسانوں کو مفت کھاد دی جائے گی تاہم اس وعدہ کو پورانہ کرتے ہوئے کسانوں سے دھوکہ کیاگیا۔ساتھ ہی وزیراعلی نے ہر گھر کو ایک ملازمت فراہم کرنے،بے روزگارنوجوانوں کو الاونس دینے کا وعدہ کرتے ہوئے بے روزگارنوجوانوں کو دھوکہ دیا۔سات سال گزرجانے کے باوجود وزیراعلی نے ان وعدوں کی تکمیل نہیں کی ہے۔ دلتوں کے لیے تین ایکڑ زمین، دلت کو وزیراعلی بنانے کا بھی وعدہ وفانہیں ہوسکا۔