حیدرآباد: وزیر اعظم نریندر مودی آج تلنگانہ کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ ضلع ورنگل میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی آج صبح 10.15 بجے ایرفورس کے ہیلی کاپٹر سے حکیم پیٹ اسٹیشن سے مامنور روانہ ہوں گے اس کے بعد وزیراعظم مودی مشہور بھدرا کالی مندر کا درشن اور خصوصی پوجا میں شرکت کریں گے۔ 11 بجے دن آرٹس اینڈ سائنس کالج گراؤنڈ روانہ ہوں گے جہاں ورچول موڈ میں مختلف انفراسٹرکچر اور ترقیاتی پروجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعظم کے دورہ کے پیش نظر ورنگل سمیت دیگر علاقوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر کانگریس اور کمیونسٹ پارٹی کے رہنماؤں کو گھروں پر نظر بند کردیا گیا ہے۔
مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ورنگل میں ایک ویگن مینوفیکچرنگ انڈسٹری کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس میں ماہانہ 200 ویگنیں تیار کرنے کی صلاحیت ہوگی۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم 5,587 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے قومی شاہراہوں کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ وہ اسی دن 1,127 کروڑ روپے کی گرین فیلڈ ہائی وے اور 587 کروڑ روپے کی سڑکوں کی ترقی کے منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔