حیدرآباد: وزیر اعظم مودی نے تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں 13500کروڑ روپئے سے زائد مالیت کے کئی ترقیاتی پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھا اور ان کاموں کو قوم کے نام کیا۔ ان ترقیاتی کاموں میں سڑک، ریل، پٹرولیم، قدرتی گیس اور اعلی تعلیم کے اہم شعبہ جات کے ترقیاتی پراجکٹس شامل ہیں۔
انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ٹرین خدمات کو بھی جھنڈی دکھائی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ناری شکتی وندن ابھیان کی پارلیمنٹ میں منظوری سے نوراتری سے پہلے شکتی پوجا کے جذبہ کا اظہار ہوا ہے۔انہوں نے آج مختلف پراجکٹس کے سنگ بنیاد اور افتتاح پر مسرت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اہم معاشی ہبس کی نشاندہی راہداری میں کی گئی ہے جن میں 8 خصوصی معاشی زونس، 5میگافوڈ مارٹس، 4 فشنگ سی فوڈ کلسٹرس، 3 فارما،میڈیکل کلسٹرس، ایک ٹکسٹائل کلسٹر بھی شامل ہیں۔ان سے ہنمکنڈہ، محبوب آباد، ورنگل اور کھمم اضلاع کے نوجوانوں کے لئے کئی مواقع کھل جائیں گے۔انہوں نے بندرگاہوں تک اشیا کی منتقلی کیلئے تلنگانہ جیسی ریاست کے لئے روڈ کنکٹیویٹی کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی معاشی راہداریوں کا گزر تلنگانہ سے ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مشرقی اور جنوبی ساحل سے ریاست کو جوڑنے کا ذریعہ بنے گا۔حیدرآباد۔وشاکھا پٹنم راہداری کے سوریہ پیٹ۔کھمم سکشن بھی اس خصوص میں مدد ملے گی۔اس سے مشرقی ساحل تک پہنچنے میں بھی مدد ملے گی۔جل کیر اور کرشنا سکشن کے درمیان ریلوے لائن کی تعمیر بھی ریاست کے عوام کے لئے اہم ہے۔