امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند برائے تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے بدھ کو اسلامک سوشیل سروس سوسائٹی،حیدرآباد کی جانب سے کووڈ 19 کے ابتدائی متاثرین کے لئے چلائے جانے والے آکسیجن تھراپی سنٹر وادی ھدی کا دورہ کرتے ہوئے یہاں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
'آکسیجن تھراپی سنٹرمیں مریض شفایاب ہورہے ہیں' کارکردگی سے متعلق آگاہی حاصل کی اور یہاں شریک تمام مریضوں سے بات چیت کی اور ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔
امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سینٹر میں ابتدائی علاج کے بعد کئی مریض اللہ کے فضل و کرم سے شفاء یاب ہوکر ڈسچارج ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں سے بات چیت سے بھی معلوم ہوا مریض اور ان کے افرادِ خاندان نےعلاج اورہسپتال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔
مولانا حامد محمد خان نے یہاں کے ڈاکٹرس،نرسس،طبی عملہ کے علاوہ دیگر تمام منتظمین کا اس موقع پر شکریہ ادا کیا اور ان کے حق میں دعائے خیر فرمائی کہ اللہ تعالی ان سب کی کوششوں کو قبول کرے۔ان سب کی انتھک محنت اور جستجو سے یہ ممکن ہوسکاہے۔
واضح رہے کہ مسلم جنرل ہسپتال وادی ھدی، پہاڑی شریف (احاطہ جامعہ دارالھدی) کی عمارت میں عارضی طور پر آکسیجن تھراپی سینٹر کا آغازعمل میں لایاگیا ہے، جہاں ابتدائی طورپر کووڈ متاثرین کا کامیابی کے ساتھ علاج کیا جارہاہے۔ یہاں کووڈ کے ابتدائی مریضوں کے لئے دواؤں کے علاوہ ضروری طبی امداد کی سہولت مہیا کی گئی ہے اور مریضوں کے لئے کھانے کا بھی انتظام ہے۔ ساتھ ہی ایمبولینس خدمات بھی موجود ہیں۔
اس موقع پر حافظ محمد رشاد الدین،سکریٹری اسلامک سوشیل اینڈ سروس سوسائٹی حیدرآباد کے علاوہ سینٹر کے ذمہ داران جناب یوسف علی خان،جناب عبدالرحیم خالد باوزیر،جناب عبد الماجد ذاکر،جناب سید تبریز بخشی ودیگر موجود تھے۔۔