حیدرآباد: محبت کی خاطر غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے والے پاکستانی شہری گلزار کو بالآخر رہا کر دیا گیا۔ دیڑھ سال تک جیل میں محروس رہنے کے بعد عدالت کے حکم پر اس کو رہا کردیا گیا جس کے بعد وہ آندھراپردیش کے نندیال ضلع کے گڈی ویمولا گاوں میں اپنی بیوی اور بچوں کے پاس پہنچا۔
گڈی ویمولا گاوں کی رہنے والی شیخ دولابی کے شوہر محمد الیاس کی موت شادی کے سات سال بعد ہوگئی۔ ان سے شیخ دولابی کو پہلے ہی ایک بیٹا تھا۔ وہ اپنے بیٹے کی دیکھ بھال کرتے ہوئے اپنے والدین کے ساتھ تھی۔ 2010 میں، اس کی بات چیت پاکستان سے گلزار نامی شخص کے رانگ کال کے ذریعہ سیل فون پر ہوئی۔ دونوں اکثر بات کرتے تھے۔گلزار کا تعلق پاکستان کی ریاست پنجاب سے ہے اور وہ سعودی عرب میں بطور پینٹر کام کرتا تھا۔
گلزار ممبئی کے راستے غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہوا اور دولابی سے شادی کر لی۔ ان کی زندگی دس سال تک خوشی سے گزری۔ ان کے چار بچے تھے۔ دس سال بعد گلزار نے پاکستان واپس ہونے کا فیصلہ کیا۔ اس نے اپنا آدھار کارڈ بھی بنوایا تھا۔ اس کی بنیاد پر اس کی بیوی اور پانچ بچوں کے ہندوستانی پاسپورٹ بھی بنائے گئے۔ وہ 2020 میں بذریعہ سعودی عرب پاکستان جانے کے لیے حیدرآباد ایئرپورٹ پہنچا۔ وہاں کے عہدیداروں کو یہ پتہ چلا کہ یہ پاکستانی شہری ہے اور غیر قانونی طور پر وہ ہندوستان میں مقیم ہے۔