حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے ایل بی اسٹیڈیم میں تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹیز فنانس کارپوریشن کے تعاون سے تلنگانہ اقلیتی ریلیف چیک کی تقسیم کا پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ریاستی وزراء، ایم ایل اے/ایم ایل سی، اور جی ایچ ایم سی علاقہ کے مختلف اسمبلی حلقوں کے عوامی نمائندوں اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر حکومت کی جانب سے اس اسکیم کے اہل اور منتخب کردہ افراد میں ایک لاکھ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کیے گئے ہیں۔
کارپوریشن کی جانب سے پہلے عوام کو آگاہ کیا گیا تھا کہ جن افراد کو منتخب کیا گیا وہی ایل بی اسٹیڈیم میں آئیں دیگر افراد آنے کی زحمت نہ کریں۔ اس موقع پر تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹیز فنانس کارپوریشن کے چیئرمین امتیاز اسحق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سارے تلنگانہ ریاست میں آج ہی ایک لاکھ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تلنگانہ مائناریٹی کی فلاح وبہبود کے لئے سنجیدہ ہے اور آئے دن نئی اسکیمات کا اعلان کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے پابند عہد ہے۔ وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ ریاست تلنگانہ کے تمام طبقات کی ترقی کے لئے سینکڑوں مختلف اسکیموں کو متعارف کروایا ہے۔جس سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے یہاں کی عوام خوشحال زندگی بسر کررہی ہیں۔