حیدرآباد:تلنگانہ حکومت کی جانب سے پانچ سو روپے میں گیس کی فراہمی کے وعدے کے بعد لوگوں کی ایک بڑی تعداد ان دنوں گیس ایجنسیز کے دفاتر میں دیکھی جارہی ہے۔ خصوصاََ پرجا پالنا کی درخواست کو دینے سے قبل گیس کی کے وائی سی اور نیا گیس کنکشن لینا ضروری سمجھا جارہا ہے تاکہ 500 روپے میں گیس حاصل کی جاسکے۔ دوسری جانب گیس ایجنسیز کا کہنا ہے کہ کے وائی سی پرجا پالنا کی درخواست دینے کے لیے ضروری نہیں ہے۔ اور یہ روایتی عمل ہے اس کو کبھی بھی کیا جاسکتا ہے اور انھیں ابھی تک پانچ سو روپے گیس کے سلسلے میں گائڈ لائن بھی نہیں ملی۔
جب کہ ایسے لوگ جن کے پاس گیس نہیں ہے وہ جب گیس دفاتر جیسے ایچ پی، انڈین اور بھارت سے گیس کنکشن لینے کے لیے رجوع ہورہے ہیں تو انھیں اگلے مہینے آنے کے لیے کہا جارہا ہے۔ ایک طرف گیس ایجنسیز کا کہنا ہے کہ نیا کنکشن دینے کے اس وقت ان کے پاس اسٹاک نہیں ہے، دوسری جانب بعض انڈین گیس ڈسٹری بیوٹر نیا کنکشن لینے والے صارفین کو 14.2 کے بجائے 10 کلو کا گیس سلنڈر آفر کر رہے ہیں۔ جس کی وجہ عوام میں ایک قسم کی بے چینی پائی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں کشن باغ، حیدرآباد میں واقع انڈین گیس ڈسٹری بیوٹر کے مینیجر وشنو وردھن نے کے وائی سی نیا کنکشن اور 10 کے جی گیس سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔