ٹی اے ایم ڈبلیو اےکے جنرل سکریٹری دیانند نے کہاکہ مرکز نے موٹروہیکل ایکٹ کے قوانین میں ایک شق کا اضافہ کیا ہے کہ اگر موٹرسائیکل سوار لائسنس کی مدت کارآمد کے اختتام کے اندرون ایک سال اس کی تجدید نہیں کرواتا ہے تو موٹر سائیکل سوار کو دوبارہ ٹسٹ دینا پڑے گا جس میں لرننگ لائسنس کا ٹسٹ بھی ہوگا اور ایک مرتبہ پھر تمام زمروں کی فیس اداکرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی اطلاع عام کی اجرائی نہ کرتے ہوئے حکومت نے ان قوانین پر 24 دسمبر سے عمل شروع کردیا ہے، موٹر سائیکل سوار جنہوں نے لائسنس کی مدت کارآمد کے اختتام کے اندرون ایک سال تجدید نہیں کروائی ہے کو لرننگ لائسنس حاصل کرنا پڑے گا۔ اس نئے قانون سے موٹر سائیکل سواروں کے ڈرائیونگ لائسنس کی سیناریٹی سے محرومی کا خدشہ ہے۔ اس سے سرکاری یا پھر پرائیویٹ اداروں میں ڈرائیورس کے عہدوں کے لیے عرضی دینے والے افراد پر کافی اثر پڑے گا۔