حیدرآباد:رکن اسمبلی جعفر حسین معراج نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ہر اسمبلی حلقہ میں دلت بندھو اسکیم کے لیے 100 دلت افراد کا انتخاب کیا جارہا ہے۔ نامپلی اسمبلی حلقہ کے لیے پہلے مرحلہ کے تحت ایک سو افراد کے فارمس کو منظور کیا گیا اور ان کے اکاونٹس میں دس لاکھ روپے کی رقم پہنچ چکی ہے جس کے ذریعہ استفادہ کنندگان مختلف کاروبار شروع کریں گے۔ حکومت کی جانب سے یہ رقم نیا کاروبار شروع کرنے کے لیے دی جارہی ہے تاکہ روزگار سے جوڑا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ 51 افراد کو جنہوں نے گاڑی کے لیے فارم داخل کیا تھا انہیں نئی گاڑیاں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین کی کوششوں سے حکومت کی مختلف اسکیمات کو مستحق افراد تک پہنچایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتہ ایک پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں استفادہ کنندگان کو گاڑیوں کی چابی حوالے کی جائے گی۔ انہوں نے دلت بھائیوں سے اسکیم سے استفادہ کرنے کی اپیل کی۔