حیدرآباد: تعمیر ملت، جشن میلاد النبیﷺ تقاریب مختلف انداز میں منانے کی تیاری کررہی ہے۔ تعمیر ملت کی جانب سے ہر سال ماہ ربیع الاول کی ابتدا میں طلبہ و نوجوانوں کے لئے میلاد النبیﷺکے موضوع پر تحریری، تقریری، کوئز اور قرائت کے مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس سال ان مقابلوں کے ساتھ ہی ساتھ کھیل کود اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے مقابلے بھی شامل کئے جا رہے ہیں۔ تنظیم نے اس مرتبہ یوم رحمت اللعالمین ﷺ تقاریب کے لئے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا تعاون حاصل ہے۔ میلاد النبیﷺ تقاریب میں کھیل کود اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے مقابلوں سے متعلق میڈیا کو واقف کروانے کے لئے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے کارپوریٹ آفس میں ایک کانفرنس منعقد کی گئی جسے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی اور کل ہند مجلس تعمیر ملت کے ذمہ داروں نے خطاب کیا۔ meeting of All India Majlis Tameer Millat
اس موقع پرایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائرکٹر انور احمد نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس کو اس سال یوم رحمتہ اللعالمینﷺ تقاریب میں تعاون کی سعادت حاصل ہو رہی ہے۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے چیئرمین محمد لطیف خان کو 73 ویں یوم رحمتہ اللعالمینﷺ کی استقبالیہ کمیٹی کا صدر نشین بنایا گیا ہے۔ انور احمد نے کہا کہ اس سلسلہ میں نوجوانوں کے لئے بلا تفریق مذہب و ملت کھیل کود اورٹیکنالوجی کے مقابلے منعقد کرنے کا ارادہ کیا گیا ہے۔
ان مقابلوں کے انعقاد کا مقصد اس پیغام کو عام کرنا ہے جس کے لئے محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا گیا۔جن کھیل کود کے مقابلے منعقد ہوں گے ان میں کرکٹ، فٹبال، والی بال، کبڈی، آرم ریسلنگ اور شوٹنگ شامل ہیں۔ اسی طرح ٹیکنالوجی کے مقابلوں کے تحت روبوٹکس اور کوڈنگ کے مقابلے منعقد ہوں گے۔ تعمیر ملت کے جنرل سکریٹری جناب عمر احمد شفیق نے کہا کہ اس سال روایت سے ہٹ کر روبوٹکس اور کوڈنگ کے مقابلے بھی منعقد کئے جارہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو میلادالنبی ﷺ کی تقاریب میں شامل کیا جا سکے۔انہو ں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایسا موقع ہوگا جس میں ٹکنالوجی کے مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔