حیدرآباد میں کورونا کے واقعات کے پیش نظر حج ہاوز کی عمارت میں احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں چیرمین وقف بورڈ محمد سلیم نے اجلاس طلب کیا۔
ہر ادارہ اپنے علیحدہ سکیوریٹی گارڈ کو باب الداخلہ پر متعین کرے جو ادارے میں آنے والے ہر شخص کی تفصیلات درج کرے تاکہ کسی بھی ناگہانی کی صورت میں فوری شناخت ہوسکے۔
حج ہاوز کی عمارت میں کئی سرکاری دفاتر کی موجودگی کے سبب صبح سے شام تک سینکڑوں افراد کی بے روک ٹوک آمد و رفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ شہر کے دیگر سرکاری دفاتر میں داخلے پر پابندی ہے اور سکیوریٹی عملے کے پاس تفصیلات درج کرنے کے بعد ہی متعلقہ عہدیدار سے ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے۔
چوں کہ حج ہاوز میں اقلیتوں سے متعلق دفاتر موجود ہیں لہٰذا شروع سے سکیوریٹی یا پابندی کا کوئی تصور نہیں ہے۔ حج ہاوز کی عمارت کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے صدرنشین وقف بورڈ نے مکمل عمارت کو سانیٹائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ہر ادارے کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے اپنے طور پر دفاتر میں سانیٹائزیشن کا کام انجام دیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں مدد ملے۔
حج ہائوز کے مین گیٹ پر ہر ادارے کو اپنا علیحدہ سکیوریٹی گارڈ متعین کرنا ہوگا جو ادارے میں آنے والے ہر شخص کی تفصیلات نوٹ کرے گا۔ اگر کوئی ادارہ اپنے علیحدہ سکیوریٹی گارڈ کے تقرر کے بجائے وقف بورڈ کو گارڈ کے تقرر کی رقم ادا کرے گا تو یہ ذمہ داری وقف بورڈ انجام دے سکتا ہے۔
صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ تمام تر احتیاطی قدم اٹھائے جائیں۔ ہر ادارے میں داخلے سے قبل سانیٹائزر کا انتظام کیا جائے اس کے علاوہ ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے کی برقراری کو یقینی بنایا جائے۔ وقف بورڈ میں عوام کے داخلے پر کوئی پابندی نہیں ہے جو تشویش کا باعث ہے۔ حالیہ عرصہ میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا کے کیسس میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ اجلاس میں شریک اقلیتی اداروں کے عہدیداروں نے اس تجویز سے اتفاق کیا اور اپنے طور پر احتیاطی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن مسز ویزلی، ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی محمد غوث، اسسٹنٹ ایگزیٹیو آفیسر حج کمیٹی عرفان شریف، چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ عبدالحمید اور وقف بورڈ کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔