اردو

urdu

ETV Bharat / state

متین اشرف مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے نئے صدر منتخب - یونین الیکشن مانو

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے طلبہ یونین انتخابات 2023 میں اترپردیش کے متین اشرف کو صدر منتخب کیا گیا۔ یونیورسٹی میں تین پارٹیوں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں سے دو پارٹی کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ MANUU Union Election 2023

MANUU Students Union Election 2023-24
اُردو یونیورسٹی طلبہ یونین انتخابات، متین اشرف 11ویں صدر منتخب

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Nov 3, 2023, 1:14 PM IST

Updated : Nov 3, 2023, 3:26 PM IST

حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے طلبہ یونین انتخابات 2023 میں شعبہ اردو کے اسکالر متین اشرف کو صدر منتخب کیا گیا ہے۔ 2 نومبر کو منعقدہ انتخابات میں اُردو یونیورسٹی طلبہ یونین کے وہ 11ویں صدر ہیں۔ انہوں نے کل 1010 ووٹ حاصل کیے، جو اب تک مانو انتخابات کی تاریخ میں اکثریت کی جیت سمجھی جارہی ہے۔

متین اشرف کا تعلق اترپردش کے پیلی بھیت سے ہے، وہ فی الحال اردو یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں ریسرچ اسکالر ہیں، انہوں نے اپنے ماسٹر کی تعلیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے مکمل کی ہے، اس دوران وہ اے ایم یو یونین 2017 میں کیبینٹ ممبر بھی رہ چکے ہیں۔ متین اشرف جماعت اسلامی کے طلبہ وِنگ، اسٹوڈینٹ اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) کے ممبر بھی ہیں۔

انتخابات کے نتائج کا اعلان شام کو چیف ریٹرننگ آفیسر پروفیسر محمد عبدالعظیم جو یونیورسٹی کے پراکٹر بھی ہیں نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات نہایت ہی پرامن رہے اور طلبہ میں اپنے نمائندوں کو منتخب کرنے کا جوش و خروش دیکھا گیا۔ 2373 کے منجملہ 84 فیصد طلبہ نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ پروفیسر محمد عبدالعظیم کی اطلاع کے بموجب متین اشرف کے علاوہ نظام الدین بی ووک نائب صدر، سید سلمان علی ایم بی اے معتمد، شگفتہ اقبال سی ایس اینڈ آئی ٹی شریک معتمد اور الطاف حسین ایم کام خازن منتخب ہوئے۔

واضح رہے کہ اردو یونیورسٹی میں تین پارٹیوں آزاد یونائٹیڈ اسٹوڈینٹس فیڈریشن آف انڈیا(اے یو ایس ایف)، آزاد اسٹوڈینٹس لیگ(اے ایس ایل) اور آزاد نیشنل اسٹوڈینٹس ایسوی یشن(انسا) کے درمیان مقابلہ ہوا تھا جس میں سے دو پارٹی اے یو ایس ایف اور اے ایس ایل کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔

اس کے علاوہ مختلف اسکولس اور کیمپسوں کے لیے ایگزیکیٹو ممبرس کا انتخاب عمل میں آیا۔ ڈاکٹر خواجہ محمد ضیاءالدین، ایڈیشنل ریٹرننگ آفیسر نے آف کیمپس کی رائے دہی کے نگرانی کے فرائض انجام دیئے۔ انتخابات کا یہ عمل پروفیسر سید علیم اشرف جائسی، ڈین بہبودیِ طلبہ کی نگرانی میں انجام دیا گیا۔ غور طلب ہو کہ مانو میں ملک کی دیگر جامعات کے برخلاف سیاسی وابستگی کے بغیر طلبہ یونین کے انتخابات منعقد ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر اور پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ طلبہ یونین کے نئے عہدیداران یونیورسٹی میں تعلیمی فضا کو مزید بہتر بنانے اور اردو زبان، تہذیب و ثقافت کی بقاء و فروغ کی سمت میں نمایاں خدمات ادا کریں گے۔ نومنتخب طلبہ یونین کی تقریب حلف برداری 8 نومبر کو منعقد ہوگی۔ طلبہ یونین کے مختلف عہدوں کے لیے یونیورسٹی ہیڈکوارٹر، حیدرآباد کے علاوہ دیگر کیمپس میں بھی رائے دہی ہوئی۔ اس الیکشن میں پروفیسر شاہدہ اور پروفیسر مشتاق احمد آئی پٹیل انتخابی مبصرین تھے۔

Last Updated : Nov 3, 2023, 3:26 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details