وزیراعلی کے چندرشیکھر راو نے کہا کہ حکومت پوری طرح تیار ہے اور تمام متاثرین کا علاج و معالجہ کرنے کی سہولت موجود ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے اگلے تین سے چار دنوں میں نئی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔
اتوار کو وزیر اعلی کی رہائش گاہ پرگتی بھون میں منعقدہ اجلاس میں وزیر صحت ایٹالہ راجندر، محکمہ صحت کے افسران اور چیف سیکریٹری سومیش کمار موجود تھے۔
اس موقع پر وزیرصحت نے ریاست میں کورونا وبا کی صورتحال سے متعلق وزیراعلی کو تفصیل بتائی۔ مذکورہ وزیر نے کہا کہ ملک بھر کی طرح ریاست میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم محکمہ صحت کی جانب سے علاج کے تمام تر انتظامات کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر ایٹالہ راجندر نے وزیر اعلی کو بتایا کہ محکمہ صحت کے ذمہ داران کی تجویز ہے کہ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے شہر حیدرآباد میں دوبارہ 15 دن کا لاک ڈاون نافذ کیا جائے۔
اس موقع پر وزیراعلی نے تمام باتوں کو سننے کے بعد کہا کہ اگلے تین چار دنوں میں حالات کو دیکھنے کے بعد حیدرآباد شہر میں لاک ڈاون کو نافذ کیا جائے یا نہیں اس پر کا فیصلہ کیا جائے گا کیونکہ لاک ڈاون نافذ کرنے کے لیے حکمت عملی ترتیب دینی ہوتی ہے، محکمہ پولیس کو آگاہ کرنا پڑتا ہے اور دیگر امور پر غور کرنا ضروری ہے۔