حیدرآباد: آصف جاہ ثامن نواب میر برکت علی خاں مکرم جاہ بہادر کو آج بادیدہ نم ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں شہرحیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں واقع مقابر آصفیہ میں ان کے والد پرنس آف برار نواب میرحمایت علی خان اعظم جاہ بہادر کی قبرکے پہلو میں سپرد لحد کردیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ اسی مسجد میں بعد عصر ادا کی گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ آصف جاہی خاندان کے افراد، مختلف ٹرسٹوں کے ذمہ داروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی اور ان کی خدمات کو خراج پیش کیا۔ ان کی نماز جنازہ اسی مسجد میں بعد عصراداکی گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ آصف جاہی خاندان کے افراد، مختلف ٹرسٹوں کے ذمہ داروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی اوران کی خدمات کو خراج پیش کیا۔
قبل ازیں مکرم جاہ بہادر کی میت کو عوام کے آخری دیدار کے لیے چہارشنبہ کی صبح رکھا گیا جب کہ کل شام اہم شخصیات نے چومحلہ پیالیس پہنچ کر ان کی میت کاآخری دیدار کیا اور انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ دربار ہال کے ایک حصہ میں آصف جاہ ثامن کی مغفرت کے لیے مسلسل قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جہاں پر مرد و خواتین قرآن خوانی میں مصروف تھے۔ بعد نماز ظہر غسل اور تجہیز و تکفین انجام دی گئی۔ دربار ہال کے بازو کھلی جگہ پر غسل اور تجہیز و تکفین کے انتظامات کیے گئے تھے۔