کے ٹی آ ر کو بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت
تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تارک راما راو، اس ماہ بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ امریکہ کے شہر بوسٹن میں ہونے والی ہارورڈ یونیورسٹی انڈیا کانفرنس میں شرکت کی انھیں دعوت دی گئی ہے۔
ریاستی آئی ٹی اور میونسپل امور کے وزیر کے ٹی آر کو ایک اور بین الاقوامی دعوت ملی۔ وزیر کو امریکہ کے شہر بوسٹن میں ہونے والی ہارورڈ یونیورسٹی انڈیا کانفرنس میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا۔ کے ٹی آر 15 اور 16 فروری کو ہونے والی کانفرنس "بھارت میں اسمارٹ اسٹیٹس" سے خطاب کریں گے۔ اس کانفرنس میں بھارت اور امریکہ کے تقریبا 1،000 مندوبین شرکت کریں گے۔
کے ٹی آر کے ساتھ ممتاز ماہرین معاشیات اروند سبرامنین، ارون پوری، سریش پربھو ، جینت سنہا ، انوپم کھیر اور رتیش اگروال جیسے مختلف شعبہ حیات کے ماہرین کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
اس سے قبل کے ٹی راما راو نے ڈاوس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے صنعتی رہنماوں سے باہمی ملاقاتیں کیں تاکہ تلنگانہ کو سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر پیش کیا جاسکے۔
سعودی عرب کے وزیر مواصلات عبداللہ السواحہ نے کے ٹی آر کے ساتھ ڈاوس کے تجارتی اجلاس میں تبادلہ خیال کیا۔ کے ٹی آر نے سعودی وزیر کو دورہ ہند کے لیے مدعو کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں بھی معاشی اشتراک کے لیے بہترین مواقع دستیاب ہیں۔
مذکورہ وزیر ریاست تلنگانہ میں بین الاقوامی کمپنیز کو لانچ کرنے اور ریاست میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔