حیدرآباد کی ایک خاتون نے تلنگانہ ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کرتےہوئے الزام لگایا ہے کہ کوویڈ وبا کی وجہ سے اس کے شوہر کی ہلاکت کے بعد ایک نجی ہسپتال نے بل کی عدم ادائیگی پر لاش حوالے کرنے سے انکار کردیا ہے جبکہ خاتون نے عدالت سے مدد طلب کی ہے۔
مزدور خاتون نے عدالت میں داخل کی گئی ایک رٹ پٹیشن میں الزام لگایا کہ 22 جولائی کو اس کے 49 سالہ شوہر کا انتقال ہوگیا لیکن ہسپتال انتظامیہ نے علاج کی رقم ادا نہ کرنے پر اب تک اس کی باقیات کو حوالے نہیں کیا ہے۔
خاتون کا شوہر جو چوکیدار کی نوکری کرتا تھا کو تیز بخار اور سانس لینے میں دشواری کے بعد 13 جولائی کو ہسپتال میں شریک کیا گیا تھا جس کے بعد کوویڈ ٹسٹ میں وہ مثبت پایا گیا۔
22 جولائی کو ہسپتال انتظامیہ نے خاتون کو اطلاع دی کہ کورونا کی وجہ سے اس کے شوہر کی موت ہوئی ہے۔ درخواست گذار کے مطابق ابتدائی طور پر ادھار لی گئی رقم 2.5 لاکھ روپئے سے ادائیگی کی تھی جبکہ ہسپتال حکام نے انہیں علاج کی کل رقم 8.91 لاکھ روپئے بتائی ہے۔