حیدرآباد: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو تلنگانہ میں کہا کہ بی جے پی حکومت تمام گھوٹالوں کی تحقیقات کرائے گی اور مجرموں کو جیل میں ڈالے گی۔ تلنگانہ کی آرمور اسمبلی میں ایک زبردست ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے الزام لگایا کہ بی آر ایس سپریمو اور وزیراعلیٰ کے سی آر ہزاروں کروڑ روپے کے گھوٹالوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو لگتا ہے کہ کچھ نہیں ہوگا، لیکن ان کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی پارٹی میں نامزدگی سودے بھی کئے جاتے ہیں۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے 10 سالوں میں تلنگانہ کو برباد کردیا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ کے سی آر نے اپنے کسی بھی وعدے پر عمل نہیں کیا ہے اور اپنے بیٹے اور بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی آر کے لیے ہزاروں کروڑ روپے کی بدعنوانی کے علاوہ کچھ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس ایم ایل اے نے بس ڈپو کے لیے مختص زمین پر قبضہ کر لیا ہے اور اس میں ایک شاپنگ سنٹر بنالیا ہے۔