حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر فائنانس ہریش راؤ نے اعلان کیا ہے کہ مختلف محکمہ جات کی 28 ہزار ملازمتوں کو پُرکرنے کے لیے حکومت تقرری کے نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ ان میں گروپ 4 اوراساتذہ کی 9000ملازمتیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جاریہ سال 91000ملازمتوں کو پُرکرنے کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے وعدہ کے حصہ کے طورپرحالیہ مہینوں میں 50ہزار ملازمتوں پرتقررکرنے کئی نوٹیفکیشن جاری کیے گئے۔
انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ حکومت نے حال ہی میں گروپ 2اورگروپ 3کی ملازمتوں کو بھی پُرکرنے کے لئے اعلامیے جاری کئے ہیں۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہاکہ گذشتہ 8برسوں میں تلنگانہ حکومت نے تقریبا1.34لاکھ عہدوں کو پُرکرنے کے لیے نوٹیفکیشنس جاری کیے ہیں۔ اس کے برعکس مرکزی حکومت ہر سال دو کروڑ افراد کو ملازمتوں کی فراہمی کے وعدہ کو پوراکرنے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے گذشتہ 8برسوں میں بے روزگاری کے مسئلہ کو مکمل طورپر نظرانداز کردیا ہے۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت اپنی اراضی پر مکانات تعمیر کرنے کے لیے تین لاکھ روپے دینے کا پروگرام دسہرہ تہوار کے دوران شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے غریب عوام کے لیے کئی ترقیاتی اور فلاحی پروگراموں کو نافذ کیا تاہم غریبوں کو مفت اشیا فراہم کرنے پر بی جے پی اعتراض کررہی ہے۔