حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے جوبلی ہلز میں جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان کی قیادت میں ایک وفد نے آج ترک قونصلیٹ حیدرآباد میں قونصل جنرل ترکیہ اورہان یلمان اوکان سے ملاقات کی اور ترکی میں پیش آئے زلزلے پر افسوس کا اظہار کیا اور ہلاکت خیز زلزلہ کے نتیجے میں ہزاروں افراد کے ہلاک ہونے اور لاکھوں افراد کے متاثر ہو جانے پر اظہار ہمدردی پیش کی۔ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ ہم ترکی کے جنوبی اور وسطی حصوں میں آنے والے ہلاکت خیز زلزلہ سے گہرے صدمے میں ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے ہلاک ہو چکے ہیں اور بے شمار لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک شام بھی اس زلزلے سے متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ اس صدمے کی حالت میں ترکیہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور بڑی تعداد میں ترک شہریوں کی اموات پر سوگوار ہے اور اللہ تعالیٰ سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتی ہے جو شدید زخمی ہیں۔ ترکی کے عوام کو اس تباہی سے نکلنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ ترکیہ کے عوام کی مدد کے لیے جو کچھ کر سکتی ہے وہ ضرور کرے گی۔ ترک قونصلیٹ جنرل اورہان یلمان اوکان نے صدمے کی اس گھڑی میں ساتھ کھڑے ہونے اور اظہار تعزیت و ہمدردی پر جماعت اسلامی ہند کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ وفد میں سیکریٹریز حلقہ تلنگانہ محمد اظہر الدین، ایم این بیگ زاہد، شیخ محمد عثمان و دیگر شامل تھے۔