حیدرآباد: ہندوستان کو انگریزوں سے آزادی دلانے کے لیے ہندوستانیوں نے اپنے خون کو پسینہ کی طرح بہایا، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور اپنی قیمتی زندگیوں کی قربانیاں پیش کیں، تب جاکر ہندوستان کو آزادی نصیب ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی Home Minister Mohammed Mahmood Ali نے چارمینار کے دامن میں منعقدہ جشن آزادی وہیکل ریالی کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کو محکمہ فائر سرویسس نے منعقد کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی میں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی اور دیگر مذاہب کے لوگوں نے شانہ بشانہ قربانیاں دی ہیں۔ Jahshn e Azadi Vehicle Rally in Hyderabad
یہ بھی پڑھیں:
محمد محمود علی نے آگے کہا کہ آزادی سے قبل ہندوستانیوں کی حالت غلاموں جیسی تھی، جن پر انگریز ہر طرح کا ستم ڈھاتے تھے۔وزیر موصوف نے اپنی تقریر میں مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو، مولانا ابولکلام آزاد، محمد علی جوہر ، بھگت سنگھ اوردیگر مجاہدین آزادی کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی خدمات اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو آزادی کی قدر اور اس کا صحیح استعمال کرنا چاہیے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت تلنگانہ، وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ کی قیادت میں مجموعی ترقی کی طرف رواں دواں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے ہندوستان کی آزادی کے 75 سال تکمیل ہونے پر آزادی کے ڈائمنڈ جوبلی کے طور پر پندرہ روزہ پروگراموں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ محکمۂ پولیس، ملک بھر کے لیے مثالی مقام حاصل کر چکی ہے۔ اسی طرح تلنگانہ محکمۂ فائر بھی اپنی خدمات کے عوض اہم مقام حاصل کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمۂ فائر سرویسس عوامی جان و مال کی حفاظت میں اپنے فرائض کو بحسن و خوبی انجام دے رہا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ حادثات کی اطلاع ملتے ہی فوری مقام حادثات پر پہنچ کر آگ پر قابو پارہا ہے۔ محکمۂ فائر سرویسس کا عملہ اپنی جان و مال اور افراد خاندان کی پرواہ کیے بغیر عوامی جان و مال کی حفاظت کر تا ہے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے پہلی مرتبہ فائر موٹر سائیکلیں بھی متعارف کرائی ہیں۔ جن سے چھوٹی گلیوں اور تنگ مقامات پر بھی فائر سروسز عملہ آسانی سے پہنچ کر حادثات پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کررہا ہے۔
تلنگانہ میں ہر سال فائر حادثات میں کمی واقع ہورہی ہے۔ وزیر موصوف نے آخر میں کہا کہ ہم تمام کو اپنے اپنے علاقوں اور ملک کی ترقی کے لیے حصہ دار بننا چاہیے تاکہ آزادی کا صحیح استعمال ہو۔ اپنے خطاب کے بعد انہوں نے فائر گاڑیوں کو جھنڈی دکھا کر ریالی کا آغاز کیا۔ اس موقع پر فائر سرویسس کے ڈائریکٹر جنرل سنجے جین، ڈائریکٹر لکشمی پرساد، ایڈیشنل ڈائریکٹر نارائن راؤ، ریجنل فائر آفیسر پاپایا، ڈویژنل فائر آفیسر سری نواس ریڈی اور دیگر شریک تھے۔