حیدرآباد: وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی (وائی ایس آر ٹی پی) کی سربراہ وائی ایس شرمیلا آج نئی دہلی میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ، راہل گاندھی اور دیگر رہنماوں کی موجودگی میں کانگریس میں شامل ہوگئی ہے اور ان کی پارٹی کو کانگریس میں ضم کردیا گیا ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وائی ایس شرمیلا کو کانگریس کا کھنڈوا پہنا کر کانگریس میں شامل کروایا ہے۔ اس موقع پر راہل گاندھی اور کانگریس کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
بعد ازاں وائی ایس شرمیلا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہونے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کی سب سے بڑی سیکولر پارٹی ہے۔ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ ملک کی سالمیت اور فرقہ وارانہ یکجہتی کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے۔ شرمیلا نے مزید کہا کہ ان کے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی ایک تلگو لیڈر تھے جنہوں نے نہ صرف عوام کی خدمت کی بلکہ کانگریس پارٹی کو بھی اونچائی تک لے جانے کا کام کیا تھا۔ انہوں نے اپنے دور میں کئی فلاحی اقدامات کیے تھے جو آج بھی عوام میں مقبول ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی انہیں جو بھی ذمہ داری دے گی، وہ اسے نبھانے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ وائی ایس آر ٹی پی سربراہ کا یہ اہم اقدام کانگریس پارٹی کی تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں جیت کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔ تلنگانہ میں حالیہ اسمبلی انتخابات کے دوران وائی ایس شرمیلا نے مسلسل کانگریس پارٹی کو اپنی حمایت فراہم کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے الیکشن نہیں لڑا کیوں کہ اس سے ووٹوں کی تقسیم ہوتی ہے۔