ریاست بھر میں آج انٹر سال اول کا امتحان پرامن انداز میں لکھا گیا۔ حکام کی جانب سے تمام امتحانی مراکز پر مناسب انتظامات کئے گئے تھے۔
تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کا آغاز انٹر سال اول امتحان کا آج صبح 9 بجے سے آغاز ہوا اور دوپہر 12 بجے تک جاری رہا۔ قبل ازیں طلبا کو 15 منٹ قبل امتحانی مراکز پر حاضر رہنے کا مشورہ دیا گیا اور ایک منٹ کی بھی تاخیر سے آنے والے طلبا کو مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینے کا بھی حکام نے انتباہ دیا ہے۔
انٹرمیڈیٹ کا امتحان 9 لاکھ 65 ہزار طلبا لکھ رہے ہیں جبکہ 4 لاکھ 80 ہزار طلبا سال اول اور 4 لاکھ 85 ہزار طلبا سال دوم کے امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں۔
تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے ریاست بھر میں ایک ہزار 339 امتحانی مراکز قائم کئے ہیں اور 26 ہزار 964 امتحانی منظمین کو متعین کیا ہے۔ انٹر کے امتحانات 23 مارچ تک جاری رہیں گے۔
واضح رہے کہ ان امتحانات میں 4 لاکھ 82 ہزار لڑکے اور 4 لاکھ 83 ہزار لڑکیاں شرکت کر رہی ہیں۔