حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کی پولیس اسٹیشن عمارتیں کسی بھی کارپوریٹ دفاتر سے کم نہیں۔ جب کہ تشکیل تلنگانہ سے پہلے پولیس اسٹیشنوں کی عمارتیں خستہ حالی کا شکار تھیں. ان خیالات کا اظہار تلنگانہ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے جمعرات کو آئی ایس سدن اور سعید آباد پولیس اسٹیشنوں کی عمارتوں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی متحرک پولیس جو اپنی فرض شناسی کے علاوہ سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہی ہے ملک بھر میں کہیں نظر نہیں آتی۔ اسی لیے تلنگانہ پولیس کو ملک بھر میں ایک خاص مقام حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کارپوریٹ سطح کی پولیس اسٹیشن عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں۔جس میں عوام کی سہولیات کے لیے تمام انفراسٹرکچر فراہم کی گئی ہیں۔ تلنگانہ پولیس فرینڈلی پولیسنگ کے لیےملک بھر میں اہم مقام رکھتی ہے۔ قیام تلنگانہ کے بعد سے تلنگانہ پولیس نے عوام کے ساتھ بہتر تعلقات پیدا کرتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام تلنگانہ سے قبل عوام میں پولیس کے متعلق ایک قسم کا ڈر اور خوف تھا جس کی وجہ سے عوام بلا خوف پولیس اسٹیشن کو نہیں جایا کرتے تھے ۔ بلکہ جب کبھی پولیس اسٹیشن کو جانا ہوتا تو اپنے کسی لیڈر یا وکیل کو ساتھ لے جایا کرتے تھے، جس کی وجہ سے ان کے مسائل کا حل، وقت طلب ہوتا تھا۔ اس کے مقابل قیام تلنگانہ کے بعد وزیر اعلی ٰکلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤنے محکمہ پولیس کو اہمیت دیتے ہوئےاس میں کئی ایک اصلاحات لائیں جس میں محکمہ پولیس نے کافی تعاون کیا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ نے محکمہ پولیس کو سات سو کروڑ روپیوں کا بھاری بجٹ مہیا کیا جس کی بدولت محکمہ پولیس میں جدید آلات سے لیز مختلف قسم کی گاڑیاں فراہم کی گئیں۔ خواتین کو محکمہ پولیس میں 33 فیصد ریزرویشن پر عمل کیا گیا جس سے کافی خواتین کو پولیس میں ملازمت حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس نے پچھلے آٹھ سالوں میں بہترین کارکردگی سے ملک بھر میں تلنگانہ پولیس کا نام روشن کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ پولیس جدید ٹکنالوجی کا بھرپور استعمال کرکے مسائل کا حل تلاش کررہی ہے۔ سی سی ٹی وی کی تنصیب میں تلنگانہ ریاست، ملک بھر میں سر فہرست ہے۔ ملک بھر کے 64 فیصد کیمرے صرف تلنگانہ میں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر حیدرآباد کو سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب میں سولہواں مقام حاصل ہوا ہے۔