حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے کہا ہے کہ بھارت جیسے ملک میں سیاسی لیڈران معاشی ترقی سے زیادہ سیاست پر توجہ دیتے ہیں۔ وزیر موصوف نے ایچ آئی سی سی میں 'ڈی کوڈ دی فیوچر' کے عنوان پر قومی سطح کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ بھارت میں کئی عظیم اور دانشمند رہنما ہیں تاہم وہ ان امورپر توجہ نہیں دے رہے ہیں جس کے ذریعہ ملک کی معیشت کو بہتر بنایاجائے اور آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل فراہم کیاجاسکے۔
یہ کہتے ہوئے کہ بھارت ایک جمہوری ملک ہے جہاں سال بھر میں کہیں نہ کہیں انتخابات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی لیڈروں کی تمام تر توجہ انتخابات پر مرکوز ہوتی ہے۔ یہ اس وقت ملک کا بنیادی مسئلہ ہے۔ دوسرے ممالک کی طرح، اگر ہم بھارت میں اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہیں تو ہم نمبر ایک بن جائیں گے ملک میں حکومتیں صرف انتخابات کے لیے کام کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین اور جاپان جیسے ممالک ترقی میں ہم سے آگے ہیں۔ بھارت میں معاشی ترقی کے بجائے سیاست پر توجہ دی جاتی ہے دوسرے ممالک کی طرح اگر ہم اپنے ملک میں معاشی ترقی پر توجہ دیں تو ہم نمبر ون بن جائیں گے۔ انہوں نے سوال کیا کہ دنیا میں پہچانے جانے والے برانڈز ہمارے ملک سے کیوں نہیں آرہے؟