حیدرآباد:وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ گزشتہ 9 سالوں سے ہم تلنگانہ کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ورنگل ضلع میں کئی ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ مودی نے اپنی 15منٹ تقریر کا آغاز تلگو الفاظ سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ایک نئی ریاست ہے لیکن ملک کی ترقی میں اس کا رول کافی اہم رہا ہے۔ تلنگانہ میں 6 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری سے سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا دیگر ریاستوں سے رابطہ بڑھانے کے لئے کئی پروگرام شروع کئے جارہے ہیں۔ مودی نے کہا کہ کئی افراد تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے آگے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قاضی پیٹ بھی میک ان انڈیا کا حصہ بنے گا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا ہے کہ بی جے پی آئندہ اسمبلی انتخابات میں تلنگانہ میں بی آر ایس اور کانگریس کا صفایا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے 2021 کے بلدی انتخابات میں ٹریلر دکھایا ہے اور آنے والے انتخابات میں پوری فلم دکھائے گی۔ انہوں نے نمکنڈہ آرٹس کالج میدان میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ملک میں بی جے پی کے پاس دو پارلیمانی سیٹیں تھیں تو اس میں سے ایک حلقہ ہنمکنڈہ کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ کی ترقی کے لیے 9 سالوں سے سخت محنت کر رہے ہیں۔ تلنگانہ کی ترقی بی جے پی کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں تلنگانہ کا رول اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سرمایہ کاری کا فائدہ تلنگانہ کے نوجوانوں کو پہنچ رہا ہے۔