حیدرآباد: یونیورسٹی آف حیدرآباد کے ایک پروفیسر کو تھائی لینڈ کی طالبہ پر جنسی حملہ کے معاملہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے پروفیسر کو گرفتار کر لیا اور اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے دفعہ 354کے تحت ایک معاملہ درج کیا ہے۔ متاثرہ کی تفصیلات کی بنیاد پر مزید دفعات کا اضافہ کیا جائے گا۔ اس واقعہ کے ساتھ ہی یونیورسٹی کیمپس میں مختلف طلبہ تنظیموں کے احتجاج کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔ پولیس کی بھاری تعداد یونیورسٹی کیمپس پہنچ گئی جس نے احتجاجی طلبہ کے جذبات کو سرد کرنے کی کوشش کی۔ rape attempt on Thailand Student in HCU
احتجاجیوں کی جانب سے پروفیسر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ طلبہ نے اس واقعہ کی شدید مذمت کی اور اس واقعہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ ان طلبہ نے الزام لگایا کہ اس معاملہ کی سنگینی کے باوجود، یونیورسٹی حکام نے اس معاملہ کو نظرانداز کردیا۔ طلبہ کے احتجاج کے سبب یونیورسٹی کیمپس میں کشیدگی پھیل گئی۔ متاثرہ نے پولیس سے کی گئی شکایت میں الزام لگایا کہ پروفیسر اس کو کچھ عرصہ سے جنسی طور پر ہراساں کر رہا ہے۔