حیدرآباد:ای ٹی وی بھارت کے ساتھ گفتگو میں فسٹ لانسر مصاب ٹینک علاقے سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر مصطفیٰ نے بتایا کہ وہ اپنے تعلیمی کیریئر کے دوران ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے ہیں کیونکہ تعلیم اور کتابوں کے ساتھ ان کا گہرا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو پی ایس سی امتحان میں کامیابی کوئی آسان بات نہیں ہے کیونکہ اس کے لیے تیاری کو بہت سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ مصطفیٰ ہاشمی نے کہا کہ انہوں نے صرف امتحان لکھا ہے لیکن اصل کامیابی ان کے والدین کی ہے جنہوں نے گزشتہ پچیس تیس سال میں ان کی پرورش اور رہنمائی کی اور دعاؤں میں یاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد ہمیشہ ذکر میں مشغول رہتے ہیں اور والدہ سے کبھی تہجد کی نماز نہیں چھوٹتی۔ Civil Services Qualified Muslim Candidates
اپنے کیریئر کے بارے میں مصطفیٰ ہاشمی نے کہا کہ اس وقت پیشے سے سرجن ہیں، ایم بی بی ایس اور ایم ایس کی پڑھائی عثمانیہ میڈیکل کالج سے مکمل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ابتدائی تعلیم خلیج میں ہوئی ہے کیونکہ ان کے والد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کام کرتے تھے لیکن بعد میں وہ حیدر آباد منتقل ہوئے اور ایبڈس کے ہائی اسکول سے میٹرک کیا۔ چیتنیہ اسکول سے بارہویں جماعت کا امتحان پاس کیا اور اس وقت متحدہ آندھرا پردیش کے میڈیکل امتحان میں ریاست بھر میں دسواں مقام حاصل کیا تھا جبکہ اقلیتی امیدواروں میں ان کا نام سرفہرست تھا۔ UPSC Result 2021