جماعت اسلامی ہند کی جانب سے سیرت ؐ ایکسپو کا انعقاد عمل میں آیا جس میں سیرتؐ گیلری‘ مختلف ماڈلس‘ پر یزنٹیشنس، تقاریر و لکچرز، ڈاکومنٹریز اور سیرتؐ کوئز کے ذریعہ ایکسپو میں شریک افراد کو محسن انسانیت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حالات زندگی آپؐ کے شب و روز اور آپؐ کی تعلیمات سے واقف کروایا گیا۔
ایکسپو میں بتا یا گیا کہ نبیؐ کی بعثت سے قبل عرب کے حالات کیسے تھے اور پھر آپؐ نے اپنی دعوت کے ذریعہ کس طرح انقلاب برپا کیا۔ ایکسپو میں مختلف چارٹس ڈیزائن کیے گئے تھے جس کے ذریعہ نبیؐ کے شب و روز و معمولات زندگی کو اُجاگر کیا گیا اس کے علاوہ نبیؐ کی دعوتی سرگرمیوں‘ عرب کے باہر کے بادشاہوں کو لکھے گئے خطوط کو تصویری نمائش میں پیش کیا گیا۔مکہ مکرمہ‘ مدینہ منورہ‘ غار حرا‘ غار ثور‘ مختلف غزوات کے علاوہ مکی اور مدنی دور کے حالات کو ماڈلس کے ذریعہ بچوں نے بہت ہی خوبصورت انداز میں پیش کیا۔
اس موقع پر سید محمد عبدالقادر ناصر امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ نے کہا کہ ارکان و کارکنانِ جماعت کے علاوہ، طلباء ونوجوانوں کی تنظیم ایس آئی او‘ لڑکیوں و طالبات کی تنظیم جی آئی او اور چھوٹے بچوں کی تنظیم سی آئی سی کے ممبران نے انتھک کوشش و محنت سے اس ایکسپو کو کامیاب بنایا ہے۔