حیدرآباد کے پولیس کمشنر انجنی کمار نے کہا ہے کہ شدید بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر بچوں کو ندی کے قریب جانے نہ دیں کیونکہ جوش و خروش کے دوران حادثات پیش آسکتے ہیں۔
کمشنر پولیس نے اپنے ٹوئیٹر ہینڈل سے جاری ایک آڈیو پیغام، جس کو اب تک کئی افراد نے سنا ہے، میں کہا کہ حیدرآباد کے پرانا پُل دھوبی گھاٹ علاقہ میں موسی ندی میں پانی کا زائد بہاو درج کیا گیا ہے۔ ایسے موقع پر حیدرآباد سٹی پولیس کی طرف سے عوام کو مشورہ دیاجاتا ہے کہ اگر کوئی ضروری کام نہ ہوتو اپنے بچوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے دیں۔ بعض بچے جوش وخروش کے ساتھ ندی کا پانی دیکھنے کے لئے جاتے ہیں اور کبھی کبھی اسی میں پھسل کر گر بھی جاتے ہیں۔ قبل ازیں ایسے واقعات پیش آچکے ہیں اور قیمتی جانیں چلی گئی ہیں۔