تلنگانہ:ریاست تلنگانہ میں اگلے ماہ ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریاں زور شور جاری ہیں۔ حکمراں جماعت بی آر ایس سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے ووٹرز کی توجہ اپنی اپنی طرف مبذول کرانے کی کوشش تیز کردی ہے۔ دوسری طرف حکمران جماعت بی آر ایس نے آج انتخابی منشور کو جاری کردیا ہے جس میں عوام سے کئی وعدے کیے گئے ہیں۔ بی آر ایس کے سربراہ اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے سی آر نے ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے انتخابی منشور جاری کردیا ہے۔ اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ بی آر ایس عوام کی سیاسی جماعت ہے اور عام لوگوں کو تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
400 روپے میں گیس سلنڈر سکیم
مرکز کی بی جے پی نے گیس سلنڈر کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کیا ہے،اس سے عام آدمی پر ناقابل برداشت بوجھ پڑا ہے۔ بی آر ایس کو اس بوجھ سے چھٹکارا دلانے کے لیے خواتین کی جانب سے بڑی تعداد میں درخواستوں موصول ہوئی ہیں جس کی وجہ سے انسانی ہمدردی کے ساتھ ایک اور گارنٹی کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ہم وعدہ کرتے ہیں کہ جب بی آر ایس دوبارہ اقتدار میں آئے گی تو وہ مستحق غریب خواتین کو 400 روپے میں گیس سلنڈر فراہم کرے گی اور باقی بوجھ حکومت برداشت کرے گی۔
اہل خواتین کے لیے ماہانہ 3,000 وظیفہ
شروع سے ہی، بی آر ایس نے خواتین کی بہبود کو اہمیت دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم وعدہ کرتے ہیں بی آر ایس کے دوبارہ اقتدار میں آنے پر تمام اہل غریب خواتین کو ماہانہ 3,000 روپے کا گزارہ الاؤنس فراہم کیا جائے گا ۔