کووڈ ٹیکہ کا دوسرا ڈوز حاصل کرنے کے سلسلہ میں تلنگانہ کے جئے شنکر بھوپال پلی کے بعض دیہاتوں میں رہنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس ضلع کے رینگنڈہ علاقہ میں دوسرے ڈوز کے لئے صبح ہی سے پرائمری ہیلت سنٹر پر مقامی افراد کی طویل قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔
مقامی افراد نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 37 مواضعات کے لئے صرف ایک ہی پرائمری ہیلت سینٹر میں ٹیکہ اندازی کی وجہ سے ان کو مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔ روزانہ صرف 100 افراد کو ہی ٹیکوں کے ٹوکنس دیے جارہے ہیں، جس کی وجہ سے بقیہ افراد واپس جانے کے لیے مجبور ہیں۔
کئی افراد نے کہا کہ وہ دور دراز علاقوں سے بس کے ذریعہ آئے ہیں اور ان کو محدود ٹوکنس کی وجہ بتاتے ہوئے واپس کیا جارہا ہے اور انہیں یقین نہیں ہے کہ دوسرے دن بھی ان کو ٹوکن ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح پہلا ڈوز ان کے اپنے موضع میں دیا گیا اسی طرح دوسرا ڈوز بھی ان کے گاؤں میں دیا جائے۔