تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں موسمی بیماریوں پر قابو پانے کے مقصد سے گھر گھر سروے کا سلسلہ جاری ہے۔ضلع کلکٹر سی نارائن ریڈی نے ابتدائی احتیاطی تدابیر کی ضرورت پر عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کی کیونکہ موسمی امراض جیسے ڈائریا، ڈینگو اور ملیریا کے پھیلنے کا امکان ہے۔گزشتہ تین ہفتوں سے مسلسل بارش ہورہی ہے۔ اس سمت میں کل سے ضلع کی تمام بلدیات اور گرام پنچایتوں میں آشا ورکروں اور پنچایت سکریٹریوں پر مشتمل ٹیموں کے ساتھ گھر گھر سروے شروع کر دیا گیا ہے۔ Seasonal Diseases in Nizamabad
فرائیڈے ڈرائی ڈے پروگرام کو ضلع میں سختی سے لاگو کیا جارہا ہے اور روزانہ کم از کم 50 گھروں کا سروے کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سروے کے دوران ضلع کلکٹر نے تجویز پیش کی کہ ہر مکان کے اطراف کا جائزہ لیا جائے اور اگر کہیں کوڑا کرکٹ نظر آئے تو اسے فوری طور پر ہٹایا جائے اور عوام میں اردگرد کی صفائی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے۔ بارش کے پانی اور سیوریج کو ٹھہرنے سے روکنے کے لیے اقدامات کی انہوں نے ہدایت دی اورکہا کہ ہر خاندان کو مچھر دانی استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے۔ کلکٹر نے ہدایت دی کہ ہر وہ شخص جو اہل ہے کووڈ کی روک تھام کے لیے ویکسین لے۔ اگر کوئی پہلے سے بخار میں مبتلا ہے تو اسے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی تفصیلات جمع کریں اور روزانہ سروے کی تفصیلات کے ساتھ رپورٹ پیش کریں۔