حیدرآباد: حضرت مولانا خواجہ سید ابوتراب شاہ قادری قدیری چشتی یمنی بندہ نوازی سجادہ نشین ہلکٹہ شریف کرناٹک نے کہا ہے کہ بانی جامعہ نظامیہ حیدرآباد حضرت مولانا محمد انوار اللہ فاروقی فضیلت جنگ کی دینی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ان کے بافیض ادارہ جامعہ نظامیہ سے علماء اور صوفیاء بڑی تعداد میں فارغ التحصیل ہوئے جو ایک بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے اپوا کیرل میں منعقدہ حضرت شیخ عبداللہ شاہ قادری قدیریؒ کے سالانہ عرس شریف کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ کی وحدانیت کو پہچاننے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ اللہ پر ہم توکل کریں، اللہ ہی کارساز کافی ہے۔ انہوں نے موجودہ دور میں علماء کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ علماء سے دینی معاملات کو سیکھنا چاہئے اور ان کی اہمیت کو سمجھنا چاہئے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ علماء اور اولیاء کا مقام کافی بلند ہے، اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے، ساتھ ہی آج کے اس پرآشوب دور میں ہمیں ان کے علوم سے استفادہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ولی ولی کو پہچانتا ہے، حضرت مولانا محمد انوار اللہ فاروقی فضیلت جنگ بہادرؒ اور حضرت سید بادشاہ قادریؒ دونوں اولیا اللہ تھے جو ایک دوسرے کی معرفت رکھتے تھے۔