حیدرآباد:اسرائیلی بمباری کے خلاف مجلس اتحاد المسلمین نے پارٹی دفتر دار السلام میں کل جماعتی احتجاجی جلسہ عام منعقد کیا جس میں علماء کرام و مشائخن کے علاوہ ریاستی وزیر داخلہ محمود علی نے شرکت کی۔ احتجاجی جلسہ میں بیرسٹر اسد الدین اویسی نے فلسطینی عوام کی حمایت اور اسرائیلی مملکت کی جارحیت کے خلاف ایک قرارداد پیش کی۔ جس کو نعرہ تکبیر کی گونج میں منظور کیا گیا۔
صدر مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کہا کہ "ہم وزیراعظم مودی سے اپیل کرتے ہیں کہ غزہ میں ایک انسانی راہداری کھولی جائے...اب جبکہ ہمارے پاس جی 20 کی صدارت بھی ہے، ہم وزیراعظم نریندر مودی سے اپیل اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہندوستان کو اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کرنی چاہیے اور انسانی ہمدردی کی راہداری کھولنی چاہیے۔ تاکہ غزہ کے لوگوں کو انسانی بنیادوں پر ریلیف مل سکے"۔
اسد الدین اویسی نے اسرائیلی جارحیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطین پر اسرائیلی مظالم اور لگاتار بمباری کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ اسد الدین اویسی نے مودی حکومت سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ رہی کہ وہ کسی بھی بین الاقوامی معاملے کو سلجھانے کی کوشش کرتا ہے تاہم اس معاملے میں اب تک ہندوستان کا کوئی ٹھوس موقف سامنے نہیں آیا ہے۔