جی ایچ ایم سی انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کے لیے شہر حیدر آباد میں کل 150 کاؤنٹنگ سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔
آج چار دسمبر بروز جمعہ صبح آٹھ بجے سے ہی ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوجائے گا۔
میونسپل کمشنر اور الیکشن افسر لوکیش کمار نے بتایا کہ شہر کے 30 مختلف مقامات پر کل 150 کاؤنٹنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں اور جی ایچ ایم سی انتخابات کے تحت ڈالے گئے 34 لاکھ 50 ہزار 331 ووٹ کی گنتی آج عمل میں لائی جائے گی۔
میونسپل کمشنر نے ووٹوں کی گنتی کے متعلق انتظامات کے بارے میں بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق 30 مقامات پر تین تا پانچ میونسپل حلقوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کے لیے کاؤنٹنگ سینٹرز بنائے گئے ہیں اور ہر حلقے کے لیے ایک ہال میں 14 ٹیبل ہوں گے جن پر ایک کاؤنٹنگ سپروائزر کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کے دوران سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدواروں کو بھی اپنے ایجنٹس بٹھانے کی سہولت ہے اور تمام مراکز پر سکیوریٹی کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کاؤنٹنگ سینٹرز میں کسی کو اپنے فون لے جانے کی اجازت حاصل نہیں رہے گی۔
واضح رہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) انتخابات کی جملہ 150 نشستوں پر تلنگانہ راشٹر سمیتی نے 150، بھارتیہ جنتا پارٹی نے 149، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے 51 اور کانگریس نے تمام نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔