تلنگانہ میں نئے زونل سسٹم New Zonal System in Telangana کے تحت تبادلوں کے صدارتی احکام پر سختی سے عمل کیا جائے اور جن ملازمین نے آپشن دیئے ہیں ان پر شفاف انداز میں کارروائی کرکے 20 ڈسمبر تک رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے ۔ وزیراعلی کے چندرشیکھر راؤ نے پرگتی بھون میں ضلع کلکٹرس اجلاس کے دوران یہ ہدایات دی اور کہا کہ نئے زونل سسٹم پر عمل آوری کو یقینی بنانے سے مخلوعہ جائیدادوں پر مقامی امیدواروں کے تقرر کی راہیں ہموار ہوں گی اور نئی جائیدادوں کیلئے اعلامیہ کی اجرائی میں سہولت ہوگی۔
وزیراعلی نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ 20ڈسمبر تک رپورٹ پیش کرکے اندرون ایک ہفتہ ملازمین کو خدمات سے رجوع ہونے کا موقع دیں اور انہیں پابند بنائیں۔ چندر شیکھر راؤ نے ضلع کلکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ ازدواجی اور انسانی بنیادوں پر ان درخواستوں پر غور کریں جن میں شوہر اور بیوی ایک ضلع میں خدمات انجام دے سکیں۔