حیدرآباد:تلنگانہ کے شہر حیدرآباد کے شمس آباد ایئرپورٹ پر یو اے ای کی ایک خاتون کے پاس سے بڑے پیمانہ پر بیرونی کرنسی ضبط کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق کل شب سی آئی ایس ایف سی آئی ڈبلیو اے ایس آئی سمپت راو اور سی ٹی /جی ڈی شیخ جانی بابو نے اس خاتون کے مشتبہ رویہ پر شک کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والی زین النسا محمد قمرالدین نامی 62 سالہ خاتون کو ایئرپورٹ کے ڈپارچر علاقہ سے حراست میں لے لیا۔ یہ خاتون فلائٹ نمبر G9-459 کے ذریعہ صبح 4 بجکر 20 منٹ پر شارجہ روانہ ہونے والی تھی۔ اس کے لگیج کی تلاشی کے دوران متحدہ عرب امارات کی 54 کرنسی نوٹس کا پتہ چلا۔ یہ 44,480 درہم رقم کی بھارتی مالیت 9,67,440روپئے ہوتی ہے۔ اس رقم اور اس خاتون کے ساتھ ساتھ اس کے سامان کو مزید جانچ اور کارروائی کیلئے کسٹم کے عہدیداروں کے حوالے کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ ایئر انٹیلی جنس یونٹ کے عہدیداروں نے جمعرات کو شمش آباد ہوائی اڈے پر ایک معائنہ کیا اور کامیابی کے ساتھ 685 گرام سونا ضبط کیا جس کی تخمینہ قیمت 42,78,768 روپے ہے۔ یہ سونا مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک شخص سے ضبط کیا گیا تھا جو مسکٹ فلائٹ WY-231 سے حیدرآباد آیا تھا۔ ذرائع کے مطابق الرٹ کسٹم حکام سونا پکڑنے میں کامیاب ہو گئے جسے چالاکی سے گولڈ پیسٹ میں تبدیل کر کے چھپایا گیا تھا۔ وہیں منشیات کو ہوائی اڈے کے ٹوائلٹ کے گیٹ ایریا میں مہارت کے ساتھ چھپایا گیا تھا، جہاں سے افسران نے اسے دریافت کر کے ضبط کر لیا۔